کاروار:26/ جولائی(ایس او نیوز)اترکنڑا ضلع میں اقتصادی سرگرمیوں کو ترغیب دینے کے لئے ضروری اقدامات اُٹھائیں جائیں گے جس میں ضلع میں ایک چھوٹا ہوائی اڈہ تعمیر کرنا بھی شامل ہے۔ اس بات کی اطلاع ضلع نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے نے دی۔
ضلع اُترکنڑا میں بنیاد ی سہولیات کی ترقی کے متعلق منگل کو اعلیٰ افسران کے ساتھ منعقدہ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ضلع میں بہت جلد ائیر اسٹریپ (چھوٹا ہوائی اڈہ) کے تعمیر ی کام کو شروع کیا جائے گا۔ ساتھ ساتھ مچھلیوں کو برآمد کرنے کے لئے ضروری بنیاد ی سہولیات فراہم کی جائے گی، کمٹہ میں کاجو بیج کی تربیت دینے خصوصی سہولیات فراہم کی جائےگی، تحقیقی مرکزکا قیام اور گودام کی تعمیربھی منصوبے میں شامل ہیں۔
دیش پانڈے نے بتایا کہ ریاستی بجٹ میں جو اعلانات کئے گئے ہیں اس کے مطابق مچھلیوں کو برآمد کرنے کی طرف لوگوں کو ترغیب دی جائے گی، جس کے لئے لنگرکی تعمیر، کولڈ اسٹوریج، آئس پلانٹ کا قیام ، کنٹینر سپلائی سمیت بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں اعلیٰ افسران نے ضلع کے کئی بندرگاہوں کا دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیا ہے۔ اور تڈدی یا ہوناور بندرگاہوں کے دو علاقوں میں سے ایک کو منتخب کرنا طئے پایا ہے۔ اس تعلق سے جتنا جلد ہوسکے اتنی جلدی پیش کش ارسال کرنےکی ہدایت میٹنگ میں دی گئی ہے۔
ائیر اسٹریپ: حکومت نے اترکنڑا ضلع میں عوام کے لئے ہوائی سفر کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ائیر اسٹریپ (چھوٹا ہوائی اڈہ) کی منظوری دی ہے۔ اس کے لئے 5مناسب جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کمٹہ تعلقہ میں جگہ دیکھی گئی ہے،منکی میں108سروے نمبر کی 795ایکڑ فاریسٹ زمین ائیراسٹریپ کے لئے دستیاب ہے، اس پر بھی غورہورہا ہے۔ اسی طرح منکی ، یتین بائیل اور مرجان میں بھی جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بہت جلد کسی ایک مقام کی نشاندہی کو حتمی قرار دے کر کام شروع کیاجائے گا۔ سمجھا جارہا ہے کہ ہوائی اڈہ کے لئے منکی کی جگہ کو منتخب کرنے کی صورت میں بھٹکل سے کثیر تعداد میں مسافرملنے کے امکانات ہیں۔
کاجو تربیتی مرکز: ضلع میں کاجو کی زراعت کو ترغیب دینے کے لئے کاجو تربیتی وتحقیقی مرکز کا قیام ہوگا اور گودام کی تعمیر کی جائے گی۔ اس کے لئے کمٹہ میں تین ایکڑ زمین کی نشاندہی کی گئی ہے، ابتدائی طورپر اس کے لئے ایک کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں اس کے لئے 10کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی۔
نومبر میں روزگار میلہ : نومبر 12اور 13کو کاروار میں بڑے پیمانے پر روزگار میلہ کا اہتمام کیاجائے گا۔ اس کے لئے ممبئی ، پونا، گوا، بنگلورو سمیت اہم شہروں کی کمپنیوں کو دعوت دی جائے گی۔ اس مرتبہ پیشہ ورانہ طریقے پر روزگار میلے کا انتظام کرنے ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے۔ جس کے لئے 16اگست کو کاروار میں عوامی رابطہ میٹنگ منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے، اس سے قبل لوگوں سے شکایتوں اور درخواستوں کو وصول کرکے متعلقہ محکمہ جات کو بھیج کرمسائل کا حل ڈھونڈنے کے لئے حکم دئیے جانے کی جانکاری بھی وزیر موصوف نے دی۔